راولپنڈی (جیوڈیسک) ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے ہاتھوں بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے اسلحہ سمیت گرفتار امریکی فوج کے میجر کو شخصی ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے بے نظیر انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے اسلحہ سمیت گرفتار امریکی فوج کے میجر کو امریکی سفارت خانے کے اعلی افسر کی شخصی ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
اے ایس ایف نے راولپنڈی ایئرپورٹ سے براستہ ابو ظہبی امریکا جانے والے غیر ملکی شخص کو حراست میں لیا جس کے سامان سے ایک 9 ایم ایم پستول اور 15 گولیاں برآمد ہوئیں۔ گرفتار شخص کی شناخت امریکی فوج کے میجر ولیم جونز کے نام سے ہوئی جس کے بعد امریکی فوجی کو تحقیقات کے لئے تھانہ ایئر پورٹ منتقل کر دیا گیا۔
فوجی افسر کی گرفتاری کی اطلاع ملتے ہی امریکی سفارت خانہ حرکت میں آگیا اور پھر سفارت خانے کے ایک اعلی افسر کی ضمانت پر ولیم جونز کو رہا کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ 2 ماہ قبل کراچی ایئر پورٹ سے بھی ایف بی آئی کے ایک ایجنٹ جوئیل کاکس کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا تھا لیکن امریکی حکومت کے دباؤ پر معمولی کارروائی کے بعد اسے رہا کر دیا گیا تھا۔