راولپنڈی (جیوڈیسک) دسویں محرم کا مرکزی جلوس کرنل مقبول امام بار گاہ سے صبح 10 بجے بر آمد ہو گا۔ عاشورہ کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں ٹرنک بازار، فوارہ چوک، راجہ بازار، پرانا قلعہ، جامعہ مسجد روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔
راولپنڈی کے دیگر علاقوں سے نکلنے والے ماتمی جلوس بھی اسی جلوس میں شامل ہوں گے۔ جلوس کے شرکاء فوراہ چوک پر پہنچ کر نماز ظہرین ادا کریں گے۔ راولپنڈی میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جلوس کے راستے دو سو سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ جن کا مانیٹرنگ روم آر ڈی اے آفس میں قائم ہو گا۔ مرکزی جلوس کے روٹ پر مختلف مقامات پر داخلی راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کیا جائے گا۔ جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے جبکہ میڈیا کیلئے بھی خصوصی پاس جاری کیے گئے ہیں۔