راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی میں بینک کے سیکیورٹی گارڈ سے اتفاقیہ گولی چل گئی جس کی زد میں آکر خاتون کیشئر جاں بحق ہوگئی۔
راولپنڈی صدر میں واقع نجی بینک کے سیکیورٹی گارڈ کو ملازمت کا پہلا دن ہی بھاری پڑ گیا، پولیس کے مطابق سیکیورٹی گارڈ عمر نے اپنی ڈیوٹی سنبھالنے کے بعد جیسے ہی بندوق تھامی تو اتفاقیہ طور پر گولی چل گئی، جو سیدھی بینک کی خاتون کیشئر حنا گل کے سر میں لگی، اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں، واقعے میں بینک آفیسر رانا حارث زخمی بھی ہوئے۔
پولیس کے مطابق سیکیورٹی گارڈ عمر پہلے ہی دن ڈیوٹی پر آیا تھا، ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔حنا گل کے لواحقین کے مطابق وہ اپنے گھر کی واحد کفیل تھی اور تین سال قبل ہی ملازمت پر مستقل ہوئی تھی۔