راولپنڈی (جیوڈیسک) دھرنے کے خلاف ہونے والے آپریشن پر ردِ عمل کرتے ہوئے مظاہرین نے چوہدری نثار کے گھر کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس اور گارڈز نے حالات پر قابو پا لیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فیض آباد دھرنے کے خلاف ہونے والے آپریشن کے بعد پورے ملک میں ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں اور مختلف شہروں میں فورسز و مظاہرین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ مظاہرین کی بڑی تعداد سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار کے گھر پر بھی حملہ کیا اور ان کے گھر کا گیٹ توڑ دیا اور گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس اورگارڈز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین کو پیچھے دھکیل دیا۔
مظاہرین حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے ہیں جب کہ (ن) لیگ کے قائدین کے خلاف بھی نعرے لگائے جارہے ہیں۔ مظاہرین نے چوہدری نثار کے گھر کا محاصرہ کررکھا ہے جب کہ پولیس کی بھاری نفری سابق وزیرداخلہ کے گھر پر تعینات کردی گئی ہے مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ فیض آباد سمیت ملک بھر میں ہونے والے دھرنوں کے خلاف ہونے والے آپریشنز کو روکا جائے اور وفاقی وزیرِقانون زاہد حامد کو فی الفور برطرف کرکے کارروائی کی جائے۔