راولپنڈی (جیوڈیسک) ڈھوک حسو میں کرین بجلی کے تاروں سے ٹکرانے سے اس میں سوار 3 مزدور جاں بحق جب کہ 4 زخمی ہو گئے۔
راولپنڈی کے علاقے ڈھوک حسو میں کرین بجلی کی ہائی وولٹیج تاروں سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 7 مزدور زخمی ہو گئے، تمام مزدوروں کو تشویش ناک حالت میں ڈسٹرکٹ اسپتال راولپنڈی پہنچایا گیا جہاں طبی عملے نے 3 مزدوروں کی موت کی تصدیق کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محسن، طارق اور نور ضیاء کے نام سے ہوئی ہے، واقعہ کرین کے ڈرائیور کی غلطی کا نتیجہ ہے جسے بجلی کی تاروں کی اونچائی کا اندازہ نہ ہوسکا۔
دوسری جانب وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔