پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈینگی لارواکی موجودگی کھلاڑیوں کے بیمار ہونے کا خدشہ

Dengue

Dengue

راولپنڈی (جیوڈیسک) پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈینگی لاروا کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جس سے وہاں پریکٹس کرنیوالے انٹرنیشنل کرکٹرز کے ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے۔ اسٹیڈیم میں پرانے میڈیا باکس والی جگہ پر کئی ہفتوں سے بارش کا پانی کھڑا ہے، گرائونڈ سٹاف گھاس کاٹ کر اسی جگہ پھینک رہا ہے جبکہ گرائونڈ کے اندر بڑی تعداد میں کھلے ٹائر پڑے ہیں جو ڈینگی وائرس کی افزائش کا سب سے بڑا سبب بنتے ہیں۔ آجکل راولپنڈی ریمز اور اسلام آباد لیپرڈز کی ٹیمیں قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کی تیاریوں کیلئے اسی اسٹیڈیم میں پریکٹس کررہی ہیں جن میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کئی نامور کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

انتظامیہ نے فوری نوٹس نہ لیاتو قومی ہیروز کے بیمار ہونے کا خدشہ ہے۔ دنیاسروے کے مطابق پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سامنے والی سائیڈ پر پہلے میڈیا باکس موجودتھا جو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسٹیڈیم کا انتظام سنبھالنے کے بعد منہدم کردیا اور کئی سال گزرنے کے باوجود تاحال تعمیر نہیں کیا گیا۔ اس جگہ پر اکثر گندا پانی کھڑا رہتا ہے جبکہ جنگلی گھاس اور جھاڑیاں مچھروں کی افزائش کا مزید سبب بنتی ہیں۔

اسٹیڈیم کا سٹاف گرائونڈ سے گھاس کاٹ کر اسی جگہ پھینکتا ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ بڑی تعداد میں کھلے ٹائر گرائونڈ کے اندر پڑے ہیں جن میں بارش کا پانی جمع ہوجاتا ہے جو ڈینگی لاروا کی افزائش کا سب سے بڑا سبب ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے اسٹیڈیم انتظامیہ کو نوٹس بھی بھیجاگیا لیکن اس کے باوجود ڈینگی سے بچائو کیلئے ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے۔