راولپنڈی میں کرفیو ختم،موبائل فون سروس بحال،حساس علاقوں میں فوج موجود رہے گی

Curfew in Rawalpindi

Curfew in Rawalpindi

راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی میں کرفیو اٹھا لیا گیا اور موبائل فون سروس بحال کر دی گئی، حساس علاقوں میں فوج موجود رہے گی، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کے لئے انتظامیہ کو ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت کر دی۔

راولپنڈی میں یوم عاشو کو دوگروپوں میں تصادم کے بعد جمعے کی رات کو نافذ کیا گیا کرفیو ختم کر دیا گیا ہے۔ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر کے مطابق شہر میں دفعہ 144 کا نفاذ برقرار رہے گا،حساس علاقوں میں فوج موجود رہے گی۔

شہر میں ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی برقرار ہے۔ذرائع کے مطابق کرفیو کے خاتمے کے فوری بعد ایوان وزیر اعلی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔وفاقی وزیر داخلہ، صوبائی وزیر قانون، چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب، کمشنر، ڈی سی او راولپنڈی ، پاک فوج اور رینجرز حکام سمیت اعلٰی انتظامی افسران اور متعدد عہدیدار ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کشیدگی کے خاتمے کے لئے جامع سیکورٹی پلان بنا کر اس پر عملدرآمد کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سانحہ راولپنڈی میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔