راولپنڈی (جیوڈیسک) محکمہ لائیو اسٹاک نے کارروائی کر کے سرگودھا سے لایا گیا مردہ جانوروں کے 40 من گوشت سے بھری گاڑی پکڑ لی جب کہ ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
محکمہ لائیو اسٹاک نے خفیہ اطلاع پر راولپنڈی میں تھانہ نصیر آباد کے علاقے میں کارروائی کر کے مردہ جانوروں کے گوشت سے بھری گاڑی پکڑ لی تاہم ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
محکمہ لائیو اسٹاک کے حکام کا کہنا ہے کہ مردہ جانوروں کے 40 من گوشت سے بھری گاڑی سرگودھا سے راولپنڈی لائی گئی اور یہاں اسے یہ گوشت مختلف ہوٹلوں اور بازاروں میں تقسیم کیا جانا تھا لیکن کارروائی کر کے مردہ جانوروں کے گوشت کو مارکیٹ میں پہنچنے سے قبل ہی ناکام بنا دیا گیا، قبضے میں لئے گئے گوشت کو تلف کردیا جائے گا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ آج سے 6 ماہ قبل بھی اسی گاڑی کو مردہ جانوروں کا گوشت لاتے ہوئے پکڑا گیا تھا اور ریاض نامی شخس کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا لیکن رشوت کے لین دین کے بعد معاملے کو رفع دفع کردیا گیا تھا۔