ضلع راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں خالی آسامیوں پر اساتذہ کی تقرری کا عمل شروع کر دیا گیا

Education

Education

لاہور : پنجاب میں فروغ تعلیم پروگرام کے تحت ضلع راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں تمام خالی آسامیوں پر اساتذہ کی تقرری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ شفاف میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر ایسے اہل اور قابل امیدواروں کا انتخاب کیا جائے جو ملک اور قوم کے معماروں کی قومی جذبے کے ساتھ صحیح خطوط پر تعلیم و تربیت کر سکیں گے۔

یہ بات پنجاب کے وزیر محنت و افراد ی قوت راجہ اشفاق سرور نے راولپنڈی میں تعلیمی منصوبوں کے جائزہ کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن زاہد سعید ، ڈی سی او ساجد ظفر ڈال، اراکین اسمبلی راجہ جاوید اخلاص ، اسفن یار بھنڈارا، طاہر ہ اورنگزیب ، زیب النساء اعوان، راجہ شوکت عزیز بھٹی، راجہ محمد علی، افتخار احمد ملک ،راجہ محمد حنیف، تحسین فواد ، لبنی ریحان، ثوبیہ ستی، پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما سردار نسیم ، حافظ عثمان، عمر فاروق، چوہدری ایاز، سردار ممتاز ،راحت مسعود قدوسی ، ڈائریکٹر کالجز ہمایوں اقبال نے شرکت کی۔ ای ڈی او ایجوکیشن قاضی ظہور الحق نے راولپنڈی میں جاری تعلیمی منصوبوں ، نئی تقرریوں اور ترقیوںکے بارے میں تشکیل دی گئی پالیسی کے مطابق پیش رفت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ این ٹی ایس کے زریعے شفاف بنیادوں پر مختلف اسکیل میں اساتذہ کی تقرری کا عمل جاری ہے اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی پالیسی کے مطابق اہلیت کی ہر معیار پر پورا اترنے والے امیدوار وں کا انتخاب کیا جائے گا تاکہ صحیح معنوں میں تعلیمی ترقی کے مقاصد حاصل ہوں سکیں۔

اس موقع پر ری ایلوکیشن پالیسی ، سکولوں کے ادغام اور فاضل اساتذہ کی خالی آسامیوں پر تقرری کے جاری عمل کے بارے میں بتایاگیا ۔ راجہ اشفاق سرور نے منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت سے محکمہ تعلیم کے حکام کو تعلیمی اداروں کے ادغام سے خالی ہونے والی عمارات کو ٹیکنکل ٹریننگ سینٹرز کے طور پر استعمال کئے جانے کی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ بے روزگار نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر انہیں معاشی طور پر خود کفیل کیا جاسکے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ خواتین بھی اوپن میرٹ میں تمام آسامیوںکے لئے درخواستیں دے سکتی ہیں۔