ہری پور (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کی شادی 17 سالہ رباب سے 20 جون کو شادی طے پا گئی ہے جب کہ شعیب اختر نے شادی کی خبروں کو افواہ قرار دے دیا ہے۔
راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر کی شادی ہری پور کی 17 سالہ رباب سے طے پا گئی ہے۔ شعیب اور رباب کے گھر والوں کی ملاقات گزشتہ برس حج کے دوران مدینہ منورہ میں ہوئی جس کے بعد دونوں خاندانوں کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ بڑھنے لگا، دونوں خاندانوں کے درمیان رشتے کے حوالے سے کافی عرصے سے بات چیت بھی چل رہی تھی۔ دوسری جانب شعیب اختر نے 20 جون کو اپنی شادی کی تمام خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انھیں افواہ قرار دے دیا ہے۔
ہری پور کے تنولی قبیلے سے تعلق رکھنے والی رباب کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب اور رباب کی رسم حنا کی تقریب 19 جون کو ہو گی جب کہ 20 جون کو بلاول میرج ہال میں ان کی شادی کی تقریب منعقد ہو گی اور پھر 22 جون کو دنیائے کرکٹ کے فاسٹ ترین بالر کی ولیمے کی تقریب راولپنڈی میں ہو گی۔
واضح رہے کہ رباب نے 15 روز قبل ہی انٹر میڈیٹ سیکنڈ ایئر کا امتحان دیا ہے جب کہ رباب کے قریبی ذرائع کے مطابق اس کی تاریخ پیدائش 1997 کی ہے جس کے مطابق ان کی عمر 17 سال بنتی ہے اور پاکستانی قوانین کے مطابق 18 سال سے کم عمر میں شادی کی اجازت نہیں ہے۔