راولپنڈی سے فیصل آباد جانیوالی بس موٹروے سالٹ رینج کے علاقہ میں بریک فیل ہو جانے سے حادثے کا شکار ہو گئی
Posted on July 13, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
چکوال : راولپنڈی سے فیصل آباد جانیوالی بس موٹروے سالٹ رینج کے علاقہ میں بریک فیل ہو جانے سے حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجہ میں12افراد جاں بحق اور28 افراد زخمی ہو گئے۔کوہستان کوچ کی گاڑی نمبر ایف ایس 5676 راولپنڈی سے فیصل آباد جا رہی تھی کہ جب وہ کلرکہار سے آگے سالٹ رینج کی پہاڑیوں میں پہنچی تو اچانک بریک فیل ہوگئی۔
ڈرائیور نے گاڑی کو روکنے کے لیے گئیر تبدیل کیا لیکن گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجہ میں 12 افراد جاںبحق اور 28زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی موٹروے اور FWO کا عملہ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچا زخمیوں کو گاڑی سے نکال کر کلرکہار فوجی فائونڈیشن ہسپتال اور ڈی ایچ کوہسپتال چکوال پہنچایا۔ زخمیوں میں 3کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں بچے اور خاتون بھی شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چکوال کے قریب موٹروے پر بس حادثہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے وزیراعلیٰ نے مقامی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے اورزخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔