راولپنڈی (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی دارلحکومت کے جڑواں شہر راولپنڈی کے علاقے چونترہ میں خاندانی دشمنی پر فائرنگ سے چار بچوں سمیت نو افراد قتل جبکہ بعض کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ پولیس کی بھاری نفری علاقہ میں پہنچ گئی ہے۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق وجہ تنازع چند روز قبل میال گاؤں میں خاتون کا قتل اور دیرینہ دشمنی کا ہے۔ حالیہ فائرنگ کے نتیجہ میں بچوں اور خواتین سمیت 9 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ پولیس نے علاقے کا کنٹرول سنبھالا جبکہ ایمبیولینسوں کے ذریعے واقعے میں قتل ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں تین بچے بھی شامل ہیں جنھیں طبی امداد د جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک ٹیم شواہد اکٹھے کرنے کے لئے موقع پر موجود ہے۔ واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تھانہ چونترہ کی حدود میں 2 گروپوں کی میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ملزموں کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ عثمان بزدار نے سی پی او راولپنڈی کو خود موقع پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔