راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی میں سادہ لوح عوام کے گردے فروخت کرنے والا گروہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ پولیس نے گردے نکالنے کیلئے جاری آپریشن کے دوران چھاپہ مار کر ڈاکٹر سمیت چھ افراد گرفتار کر لئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تھانہ ایئرپورٹ پولیس نے مخبر کی اطلاع پر راولپنڈی کے علاقے گلزار قائد ایک پرائیویٹ کلینک پر چھاپہ مارا، جہاں پر سادہ لوح عوام کے گردے نکال کر بیچنے کی اطلاع تھی۔ کلینک میں دو افراد کے گردے نکالے جا چکے تھے جبکہ مزید دو افراد کے گردے نکالنے کیلئے آپریشن جاری تھا۔
پولیس نے ایک ڈاکٹر، دو خواتین سمیت چھ افراد کو گرفتار کر لیا۔ ان کی نشاندہی پر گروہ میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں جبکہ چاروں زخمی افراد کو بینظیر بھٹو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔