راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں بارش، لاہور میں تیز ہوائوں سے موسم خوشگوار

Rain

Rain

اسلام آباد (جیوڈیسک) راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں موسلا دھار بارش گرمی اور حبس کو بہا لے گئی ، لاہور میں تیز ہواؤں نے بھی پارہ گرا دیا ، اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید کئی علاقوں میں بھی بادل برسیں گے۔

جڑواں شہروں میں کالی گھٹائیں گرمی پر خوب گرجی اور برسیں ۔ بارش میں نہا کر نظارے بھی نکھر گئے ، گوجرانوالہ ، گجرات اور دیگر علاقوں میں بھی خوب مینہہ پڑا۔ لاہور میں سحری کے وقت بادل تو آئے لیکن بن برسے ہی چلے گئے۔

البتہ ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی کا پارہ گرا دیا ، درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ حبس کا زور بھی ٹوٹ گیا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

سرگودھا اور ہزارہ ڈویژن سمیت دیگر کئی علاقوں میں بھی رم جھم ہو گی۔ سندھ کے علاقوں تھر، مٹھی ، نگر پارکر ، ڈیپلو اور اسلام کوٹ میں بھی بارش متوقع ہے ، کراچی سمیت صوبے کے ساحلی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے اور بوندا باندی کا امکان ہے۔