راولپنڈی (جیوڈیسک) اسلام آباد سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ جہلم، جڑانوالہ، فیصل آباد سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت اور کشمیر میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ اتوار تک جاری رہنے کا امکان ہے، اس دوران پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، مالاکنڈ، ہزارہ، گوجرانوالہ ڈویژن میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش بالاکوٹ میں پینسٹھ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں چوالیس ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔