راولپنڈی (جیوڈیسک) اسلام آباد سمیت پشاور کے مختلف علاقوں میں آندھی اور طوفانی بارش کے باعث حادثات کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پشاور اور فاٹا سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شام سے آندھی اور طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مختلف حادثات رونما ہونے سے 6 افراد جاں بحق جب کہ 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔
پشاور میں آندھی اور طوفانی بارش سے کوہاٹ روڈ پر ماں اور بیٹا جاں بحق ہوگئے، اس کے علاوہ فاٹا میں کئی مکانات کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں جس سے ایک شخص جاں بحق ہوا جب کہ نوشہرہ میں بھی ایک شخص اور جمرود میں خاتون حادثے کی نذرہوئے۔
خیبرپختونخوا میں بارش سے ہونے والے حادثات میں سب سے زیادہ افراد نوشہرہ میں زخمی ہوئے جب کہ پشاور اور جمرود میں بھی کئی افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بارشوں کے باعث الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش اور تیز ہواؤں سے مکانات کی چھتیں اڑ گئیں جب کہ حادثات میں 2 بچیوں سمیت 7 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔ شہر میں تیز ہواؤں سے سیونتھ ایونیو کے سامنے لگا بجلی کا کھمبا اور پولی کلینک اسپتال کی ایمرجنسی کے باہر درخت گر پڑا جب کہ دیگر مقامات پر سائن بورڈز اور درخت گاڑیوں پر گر گئے جس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق مارگلہ ٹاؤن میں بھی مکان کی چھت گرنے سے 2 بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔
راولپنڈی میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی جس سے شہر بھر میں جل تھل ہو گیا، طوفانی بارش سے شہر کے مختلف مقامات پر درخت اور سائن بورڈز گرگئے جب کہ ڈھوک حسو کے علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پنڈی میں بارش اور موسم خراب ہونے سے بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن اور شہر میں میٹرو بس سروس کو معطل کردیا گیا۔ اس کے علاوہ آندھی اور بارشوں سے جڑواں شہروں کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔
ادھر محکمہ موسمیات نے جڑواں شہروں سمیت خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جس کے تحت آئندہ 24 گھنٹے تک وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔