راولپنڈی: اسلام آباد میں بارش سے موسم خوشگوار، جل تھل ایک ہو گیا

Rain

Rain

اسلام آباد (جیوڈیسک) لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش نے موسم میں خوشگوار خنکی پیدا کر دی، راولپنڈی، اسلام آباد سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں آسمان پر گہرے بادل چھائے ہیں اور تیز ہوا کے ساتھ ہونے والی بوندا باندی نے موسم میں خوشگوار خنکی پیدا کر دی ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں رات گئے بھی چھماچھم مینہ برسا۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں آسمان پر بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی جاری ہے۔

رات کو بھی جڑواں شہروں میں گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ ابر کرم جَم کے برسا ، موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا ۔ پشاور میں بارش کے آسمان پر سورج چمکنے لگا تاہم پارہ گرنے اور ہوا چلنے سے خنکی بڑھ گئی ہے۔

ملتان میں سورج نے آنکھیں دکھانا شروع کر دیں۔ کراچی سمیت سندھ میں آسمان صاف ہے ادھر آزاد کشمیر میں گزشتہ روز ہونے والی برفباری سےحاجی پیر، نیزاگلی ، تولی پیر روڈ ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ گزشتہ روز ہونے والے برفباری سے متعدد شاہراہیں بند ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم کشمیر، راولپنڈی اور سرگودھا ڈویژن میں بارش ہو سکتی ہے۔