اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میٹرو بس سروس منصوبے کے بعد اب حقیقت میں جڑواں شہر بن گئے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ میٹروبس سروس عوام کے لئے بہترین تحفہ ہے اور منصوبے کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس میں خرابیوں کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹرو بس منصوبے سے راولپنڈی اور اسلام آباد حقیقی معنوں میں جڑواں شہر بن گئے ہیں جب کہ منصوبے کا نام پاکستان میٹرو رکھ دیا گیا ہے، یہ صرف جڑواں شہروں کا نہیں بلکہ پاکستان کا منصوبہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اور اس طرح کے منصوبے مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے، میٹرو بس سروس میں صرف 3 روز میں ایک لاکھ 25 ہزار افراد سفر کر چکے ہیں جب کہ لوگوں کا رش دیکھ کر حکام سے ٹکٹ کے لئے مزید کاؤنٹرز قائم کرنے کا کہا ہے، دنیا کے کسی بھی میٹرو سروس کے مقابلے میں یہ پاکستان میڑو بہترین سروس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس صورت میں ترقی کرے گا جب چاروں صوبے مل کر ترقی کریں گے، پاکستان میں خوشحالی کے لئے چاروں اکائیوں کا مل کر کام کرنا ضروری ہے، قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال نے ۔جو خواب دیکھا تھا آج وہ شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔