راولپنڈی سے مزید تین بھتہ خور گرفتار

Rawalpindi

Rawalpindi

راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی میں ایک کاروباری شخص کو بھتے کی دھمکیاں دینے پر پولیس نے سیٹلائٹ ٹاؤن سے تین افراد کو حراست میں لیا ہے۔ ان افراد کی جانب سے مذکورہ بزنس مین سے دو کروڑ پچاس لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جن افراد کو حراست میں لیا ہے ان میں ایک کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے جو راولپنڈی کے علاقے سیٹیلائٹ ٹاؤن کی کمرشل مارکیٹ میں ایک بک شاپ پر کام کرتا تھا اور اس دکان کے مالک کے ساتھ کچھ اختلافات کی وجہ سے اس نے اس دکان کو چھوڑ کر کسی دوسری شاپ پر کام شروع کردیا۔

رواں سال مئی کے مہینے میں بک شاپ کے مالک کو تحریکِ طالبان پاکستان کے مشتبہ ساتھیوں کی جانب سے بھتے کی دھمکیاں موصول ہونے لگیں، جس میں ان سے دو کروڑ پچاس لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور مطالبہ پورا نہ کرنے کی صورت میں انہیں اغوا کی بھی دھمکی دی گئی تھی۔

ایک سینیئر پولیس افیسر نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان دھمکیوں کے بعد علاقائی پولیس افیسرز کی طرف سے مذکورہ بزنس مین کے ساتھ گارڈز تعینات کردیے گئے۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے موبائل فون کے ذریعے ان بھتہ خوروں کو ٹریس کیا اور نیو ٹاؤن پولیس نے ہفتے کو انہیں گرفتار کرلیا۔