راولپنڈی (جیوڈیسک) گزشتہ رات امام بارگاہ ابو محمد رضوی میں ہونیوالے دھماکے کے چار شہداء قائم علی، علی مہدی، جاوید زاہدی اور علی زیدی کی نماز جنازہ لیاقت باغ راولپنڈی میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
چاروں میتیں پہلے امام بارگاہ چٹیاں ہٹیاں پہنچائی گئیں جہاں سے جلوس کی شکل میں میتیں لیاقت باغ لائی گئیں۔ واقعے میں شہید کانسٹیبل امان اللہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز راولپنڈی میں ادا کی گئی جس میں پولیس افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ دوسری جانب دھماکہ کا مقدمہ ابن محمد رضوی کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔
تھانہ وارث خان میں درج مقدمہ نمبر بائیس میں قتل، اقدام قتل، دھماکہ خیز مواد اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ دھماکے کی تحقیقات کیلئے ایس پی راول کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جس میں حساس اداروں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔
مقدمے کا تفتیشی افسر انسپکٹر راجہ عبدالرشید کو مقرر کیا گیا ہے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم چودہ روز میں تحقیقات مکمل کرے گی۔ گزشتہ شب محفل میلاد کے دوران ہونیوالے دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ اٹھارہ زخمی ہو گئے تھے۔