راولپنڈی (جیوڈیسک) قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مقابلے میں شجاع خانزادہ پر حملے میں ملوث خاتون سمیت تین دہشت گرد مارے گئے، فائرنگ میں ایلیٹ فورس کا سب انسپکٹر شہید جبکہ تین اہلکار زخمی بھی ہوئے ،پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔
راولپنڈی میں چکری کے علاقے جوڑیاں کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی،آپریشن میں ایلیٹ فورس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی حصہ لیا ،دہشتگردوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تقریبا چار گھنٹے تک مقابلہ جاری رہا اس دوران علاقے میں شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں گونجتی رہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن میں ایک خاتون سمیت تین دہشت گرد بھی مارے گئے، ہلاک دہشت گرد پنجاب کے وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ پرخود کش حملے میں ملوث تھے۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کا سب انسپکٹر بھی شہید ہوگیا جبکہ تین اہلکار زخمی ہوئے، مقابلے کے دوران اڈیالہ جیل کی سکیورٹی بڑھا دی گئی اور جیل میں سائرن بھی بجا دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد محرام الحرم کے دوران شہر میں بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے ،زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق رہائشی علاقہ ہونے کی وجہ سے محتاط انداز میں آپریشن کیا گیا تاہم تقریبا ًچار گھنٹے بعد آپریشن مکمل کر لیا گیا ،آپریشن کے بعد رہائشیوں کو بحفاظت نکال لیا گیا، آپریشن کے بعد بعض مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔