راولپنڈی :رمضان فوڈ اسٹریٹ پر لاہور اور گوجرانوالا کے مشہور کھانے

Food Street

Food Street

راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی میں ایک ایسی فوڈ اسٹریٹ ہے جو خاص طور پر رمضان کے لیے ہے اور یہاں ملتے ہیں لاہور اور گوجرانولا کے مشہور زمانہ کھانے اور افطار سے سحر تک یہاں میلے کا سا سماں ہوتا ہے۔ یہ جگ مگ کرتا بازار ہے کرتار پورہ راول پنڈی، جہاں سجی ہے رمضان فوڈ سٹریٹ، جو پچھلے چار پانچ سال کی طرح اب کی بار بھی اپنے جوبن پر ہے۔

چھوٹے بڑے پائے، مرغ چنے، پٹھورے سمیت انواع و اقسام کے لذیز کھانے ہیں تو ساتھ منفرد قسم کی چٹنیاں بھی ہیں، نمکین اور میٹھی لسی بھی ملتی ہے تو نان کی بھی کئی قسمیں ہیں۔ افطاری سے لے کر سحری تک یہاں میلے کا سا سماں ہوتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں لاہور جیسا ماحول ہے، ہر چیز مل رہی ہے ہم دوست مل کر یہاں آجاتے ہیں اور سحری تک انجوائے کرتے ہیں ۔ ایک شخص نے بتایا کہ میں لندن سے آیا ہوں، یہاں آکر دوستوں کے ساتھ کھا پی رہے ہیں۔

اس رمضان فوڈسٹریٹ میں کھانا پکانے کے ماہر لاہور اور گوجرانوالا سے ہر سال خاص طور پر آتے ہیں،لاہور اور گوجرانولہ سے کاری گر بلوائے جاتے ہیں جو بہترین کھانے پکاتے ہیں۔ کاریگروں کا کہنا ہے کہ ہر سال گوجرانوالہ سے آتے ہیں، ہر قسم کا کھانا ہے، ریٹ بھی مناسب ہے، اللہ کا شکر ہے کام اچھا چل رہا ہے۔ افطاری سے لے کر سحری تک اس فوڈ اسٹریٹ میں سیکیورٹی کا سخت انتظام ہوتا ہے اور پولیس یہاں آنے والوں کو چیکنگ کے بعد ہی داخل ہونے دیتی ہے۔