راولپنڈی (جیوڈیسک) پنجاب پولیس کے مطابق راولپنڈی ریجن اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں عوامی تحریک کے کارکنوں نے 19 پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا رکھا ہے، کارکنوں کے پتھراؤ اور لاٹھی چارج کے نتیجے میں 16 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
جن میں سے 4 پولیس اہلکاروں کی شدید زخمی ہوئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اٹک، جہلم اورچکوال میں عوامی تحریک کے کارکنوں کے حملوں میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں میں محمد زبیر، اسد رضا، یسین، حق نواز، محمد سلیم، محمد شہباز، عامراقبال، شہبازحسین، سرفراز، عبدالکریم، طارق محمود اور نصر حیدر شامل ہیں۔
ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زخمی ہونے والوں میں انسپکٹر آفتاب صدیقی، ہیڈ کانسٹیبل نصراللہ، کانسٹیبل عبدالغنی اور کانسٹیبل محمد نواز شامل ہیں۔ حملہ آوروں نے سرکاری گاڑی کو بھی نشانہ بنایا، جس سے گاڑی کی فرنٹ اسکرین ٹوٹ گئی۔