ساہیوال / راولپنڈی (جیوڈیسک) سینٹرل اور اڈیالہ جیل میں قتل کے 3 مجرمان کو علی الصبح تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قتل کے2 مجرمان ظفر اقبال اور مرزا سرفراز کو پھانسی دے دی گئی۔ ظفر اقبال نے دیرینہ دشمنی پر 1994 میں11 افراد کو قتل کیا تھا جب کہ مرزا سرفراز نے1993 میں تھانہ گوجر خان کے علاقے میں قتل کیا تھا۔
دوسری جانب ساہیوال میں قتل کے مجرم محمد منشاء کو تختہ دارپر لٹکا دیا گیا۔ محمد منشاء نے 2001 میں ڈکیتی کے دوران محمد سلیم نامی شخص کو قتل کیا تھا۔
واضح رہے کہ دسمبر 2014 میں پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے حملے کے بعد سے ملک میں دہشت گردوں کو سزائے موت دینے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 400 سے زائد مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا جا چکا ہے۔