راولپنڈی (جیوڈیسک) پنجاب حکومت نے سانحہ راولپنڈی میں غفلت برتنے پر پولیس افسران کو او ایس ڈی بنا دیا ہے۔
پنجاب حکومت کی طرف سے جاری کئے جانے والے نوٹیفکیشن کے مطابق آر پی او راولپنڈی ضعیم اقبال شیخ اور سی پی او راولپنڈی بلال صدیق کمیانہ کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے جبکہ آر پی او ڈیرہ غازی خان اختر عمر حیات لالیکا کو سی پی او راولپنڈی تعینات کر کے انہیں آر پی او راولپنڈی کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔
او ایس ڈی بننے والے ضعیم اقبال شیخ ایس اینڈ جی اے ڈی اور بلال صدیق کمیانہ آئی جی آفس رپورٹ کریں گے۔دریں اثناء راولپنڈی میں زندگی معمول پر آنا شروع ہو گئی، نجی، سرکاری تعلیمی ادارے اور دفاتر کھل گئے ہیں، سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں ہے۔راولپنڈی میں کرفیو اٹھائے جانے کے بعد معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں، نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے اور دفاتر کھل گئے،سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں ہے،حساس علاقوں میں فوجی دستے گشت کر رہے ہیں۔
راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے اور ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی ہے، ادھر اسلام آباد کے ماڈل کالجز میں آج تعطیل ہے۔پنجاب حکومت نے سانحہ کے دوران غفلت کا مظاہر ہ کرنے پر آر پی او راولپنڈی زعیم اقبال کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔