راولپنڈی خودکش حملہ، زخمی ایس ایچ او دم توڑ گیا، ہلاکتوں کی تعداد 4 ہو گئی

Rawalpindi

Rawalpindi

راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی میں امام بارگاہ کے قریب خود کش دھماکے میں دو پولیس افسران سمیت چار افراد جاں بحق اور چودہ زخمی ہو گئے۔

راولپنڈی کی گریسی لین میں امام بارگاہ کے قریب چیک پوسٹ پر خود کش حملے میں شدید زخمی ہونے والے ایس ایچ او تھانہ ایئر پورٹ چوہدری رب نواز آج صبح چھ بجے بے نظیر بھٹو ہسپتال میں دم توڑ گئے ہیں۔

دیگر جاں بحق افراد میں سب انسپکٹر امانت علی اور دو شہری شامل ہیں۔ سی سی پی او کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے حملہ آور کو چیک پوسٹ پر روکنے کی کوشش کی تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔دھماکے سے کئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اڑتالیس گھنٹے میں رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔ دوسری جانب شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ قاسم جعفری نے دھماکے کی شدید مذمت کی، مجلس وحدت مسلمین کے رہنما راجہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب امن و امان قائم رکھنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔