اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین سینیٹ کے لئے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے نامزد امیدوار رضا ربانی بلامقابلہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے جب کہ ڈپٹی چیئرمین کے لئے 4 امیدوار میدان میں ہیں۔
چیئرمین سینیٹ کے لئے رضا ربانی نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جن کے مقابلے میں کسی امیدوار نے اپنے کاغذات جمع نہیں کرائے اور مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد رضا ربانی چیئرمین سینیٹ منتخب ہو گئے۔
جب کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے جے یو آئی (ف) کی جانب سے مولانا عبدالغفور حیدری اور حافظ حمد اللہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ تحریک انصاف کی جانب سے شبلی فراز اور بی این پی (مینگل) کی جانب سے جہانزیب جمالدین نے بھی ڈپٹی چیئرمین شپ کے لئے اپنے کاغذات جمع کرا دیئے ہیں۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ممنون حسین ان دنوں ملک میں موجود نہیں اور رضا ربانی اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد قائم مقام صدر بھی ہوں گے۔