اسلام آباد (جیوڈیسک) رضا رومی پر حملے کے خلاف قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی گئی جبکہ بلوچستان اسمبلی میں مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری، عذرا افضل، نفیسہ شاہ اور عمران لغاری نے جمع کرائی جبکہ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں مذمتی قرارداد صوبائی وزیر اطلاعات عبدالرحیم زیارتوال نے پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا، قرارداد میں واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا گیا کہ واقعے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرکے قرا ر واقعی سزا دی جائے اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
واضح رہے کہ رضا رومی گزشتہ روز پروگرام کر کے واپس گھر جا رہے تھے کہ لاہور کے فیروز پور روڈ پر مسلح موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ان کا ڈرائیور جاں بحق اور محافظ زخمی ہو گیا تھا۔