مسلمان حقیقی کامیابی کیلئے قرآن اور صاحب قرآن کیساتھ رشتہ مضبوط کریں : مولانا محمد اکبر نقشبندی

گوجرانوالہ : صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت علماء پاکستان الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا ہے کہ مسلمان حقیقی کامیابی کیلئے قرآن اور صاحب قرآن کیساتھ رشتہ مضبوط کریں۔ عظمت قرآن پاک تاقیامت قائم رہے گی اور عظمت صاحب قران زندہ و پائندہ رہے گی۔

صاحب قرآن سے نسبت قائم کیے بغیر قران سے ہدایت و رہنمائی نہیں دے سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد گلزار مدینہ میں سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ عظمت قرآن اور صاحب قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ پیر محمد دائود رضوی، الحاج سرفراز احمد تارڑ، مفتی محمد حسین صدیقی، مفتی غلام نبی جماعتی، قاری غلام سرور حیدری۔

صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد سعید رضوی، مولانا حافظ محمد رفیق قادری، مولانا خالد حسن مجددی، قاری محمد اعظم چشتی، مولانا محمد عارف چشتی اور دیگر نے خطاب کیا۔ مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہاکہ صدقہ فطرانہ ادا کرنے سے روزے کا اجراء بڑھ جاتا ہے۔ روزہ دار اﷲ تعالیٰ کی رضا اور غریبوں کی خوشی کیلئے فوری طور پر صدقہ فطرانہ ادا کریں۔

انہوںنے کہا کہ مرکزی چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کارکنان کو بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ حکومت اور مخیر حضرات متاثرین سیلاب کی ہرممکن مدد کریں۔ مصیبت کی گھڑی میں بے سہارا لوگوں کی خدمت خوشنودی خدا کا ذریعہ ہے۔