گجرات: ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کے دوران ایسے 234 افراد جن کے مکانات کو نقصان ہوا لیکن انکے نام متاثرین کی فہرست میں شامل نہیں تھے انہیں وزیر اعلی پنجاب کے اعلان کے مطابق فی کس 25 ہزار روپے معاوضہ آج ادا کر دیا جائے گا اس مقصد کے لئے ضلع کونسل ہال میں ادائیگی کا ونٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے فوری بعد سروے کے دوران 1100 کے قریب ایسے افراد کی نشاندہی ہوئی تھی جن کے مکانات مکمل یا جزوی طور پر متاثر ہوئے تھے ان تمام افراد کو وزیر اعلی پنجاب کے اعلان کے مطابق عید الضحیٰ سے قبل فی کس پچیس ہزار روپے معاوضہ کی پہلی قسط ادا کر دی تاہم اس دوران بعض افراد کے نام فہرست میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔
ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ متاثرین کی شکایات پر ضلعی انتظامیہ نے ان افراد کے مکانات کو نقصانات کا سروے مکمل کر لیا ہے اور جن افراد کے مکانات کو نقصان ہوا ہے انہیں فوری طور پرآج سے ادائیگی کا آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوںنے بتایا کہ اس سلسلے میں بنک آف پنجاب، نادرا نے ضلع کونسل ہال میں ادائیگی مرکز قائم کر دیا ہے جہاں صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک متاثرین کو معاوضہ ادا کیا جائیگا۔
ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ فصلوں اور مویشیوں کو نقصانات کا سروے جلد مکمل کر کے متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔