اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چودھری نثار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کل کہا تھا لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عمل کریں گے اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق تمام کنٹینرز ہٹا دیئے گئے ہیں ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کوشش کروں گا انقلاب اور آزادی مارچ کے حوالے سے روزانہ آگاہ کر سکوں بہت ساری چیزوں کی کل وضاحت کروں گا۔
وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کسی بھی جمہوری سیاسی سرگرمی پر حکومت کو کوئی اعتراض نہیں تحریک انصاف کی درخواست موصول ہو گئی ہے آدھے گھنٹے تک اجازت دے دیں گے عوامی تحریک نے جلسے کی زبانی طور پر اجازت مانگی، درخواست کچھ دیر تک مل جائے گی جبکہ پی ٹی آئی اور عوامی تحریک سے بعض وضاحتیں مانگی تھیں۔
انہوں نے کہا پاکستان کے آئین کو روندنے کی اجازت نہیں دیں گے حکومت نے خندہ پیشانی کیساتھ ریلیوں کو اسلام آباد کی اجازت دی ہے اور جلسے میں موجود ایک ایک شخص کی ذمہ داری ہے قانون کا احترام کرے دھرنے کی جگہ سے آگے جانے والوں کیخلاف قانون حرکت میں آئے گا کیونکہ دھرنے کی جگہ سے آگے نہ جانے پر دونوں جماعتوں نے اتفاق کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا جلسہ ،جلوس کی درخواست اسلام آباد انتظامیہ کو دینی چاہیں جب تک درخواست نہیں آئے گی اسلام آباد میں کنٹینرز لگے رہیں گے، جلسے میں کسی قسم کے اسلحے کی اجازت نہیں ہو گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کل تک جڑواں شہروں کے راستے کھول دیئے جائیں گے ہمیں راولپنڈی اور اسلام آباد ہی نہیں پورے ملک کی سیکورٹی عزیز ہے اور ریڈ زون کی سیکورٹی ڈبل نہیں ٹرپل کر دی ہے کیونکہ سفارت خانوں کی سیکورٹی کیلئے بین الاقوامی ذمہ داریاں ہیں، ریڈ زون ،سفارت خانوں کی سیکورٹی کی خلاف ورزی ہوئی تو قانون سختی سے پیش آئے گا۔
انہوں نے کہا ملین مارچ کا دعوی کرنے والے 10 لاکھ لوگ پورے کر کے دکھائیں ہم نے 10 لاکھ لوگوں کی سیکورٹی کا بندوبست کر رکھا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا راولپنڈی ، اسلام آباد کے شہریوں سے ایک بار پھر معذرت خواہ ہوں۔