اسلام آباد (جیوڈیسک) امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل کمی کے سبب ملک میں اسمبل کی جانے والی کاروں، ٹرکوں اور پک اپ گاڑیوں کی قیمتوں میں عنقریب لاکھوں روپے کا اضافہ ہو جائے گا، شو رومز پر گاڑیوں کی قیمت میں 4 لاکھ روپے تک اضافہ کر دیا گیا۔
گاڑیاں اسمبل کرنے والے یونٹوں نے قیمتوں کے از سر نو تخمینہ جات کی تیاری شروع اور نئی گاڑیوں کی بکنگ بند کر دی ہے اور اعلان کیا کہ نئی قیمتوں کا تخمینہ تیار ہو گا تو بکنگ کھول دی جائے گی۔
درآمد ہونے والی نئی اور پرانی گاڑیاں بھی مہنگی ہو جائیں گی، پاکستان میں بننے والی نئی موٹر سائیکل کی قیمتوں میں بھاری اضافہ متوقع ہے۔ شو رومز پر گاڑیوں کی قیمتوں میں فوری اضافہ کر دیا گیا ہے، 800 سی سی سے 1800 سی سی تک گاڑی کی قیمت میں 1لاکھ سے 4لاکھ روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔ روپے کی قدر 105 روپے سے کم ہو کر 134 روپے فی امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے، اب صارفین کو غیر ملکی کار اسمبلنگ یونٹوں کو 29 روپے اضافی ادا کرنا پڑیں گے۔