اسلام آباد (جیوڈیسک) احتساب عدالت نے اثاثہ جات ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 13 مئی کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج خالد محمود رانجھا نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کے خلاف غیر قانونی طور پر اثاثے بنانے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ سابق صدر اسلام آباد میں ہی موجود ہیں اور ان کے لئے عدالت آنا بھی کوئی مسئلہ نہیں تھا لیکن اچانک ان کی طبیعت خراب ہو گئی جس کے باعث وہ آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔
عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی حاضری سے ایک روز کے لئے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 13 مئی تک ملتوی کر دی۔
واضح ر ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس 2001 میں قائم کیا گیا تھا، اثاثہ جات ریفرنس میں آصف علی زرداری پر فرد جرم عائد اور 18 گواہوں کے بیانات بھی ریکارڈ کئے جا چکے ہیں۔