لاہور (جیوڈیسک) نیب کی جانب سے ضمنی ریفرنس دائر کیا جانے پر اپنے ردعمل میں وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک کے بعد ایک ضمنی ریفرنس اس بات کا ثبوت ہے کہ کچھ ملا نہ ہی کچھ نکلا۔
آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالت کی جانب سے دیئے گئے ایک ریمارک کو بھی مریم نواز نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسفسار کیا کہ یہ الفاظ پڑھیں اور فیصلہ کریں کہ یہ بغض و انتقام نہیں تو اور کیا ہیں؟
نیب کی جانب سے ضمنی ریفرنس دائر کیا جانے کے معاملے پر اپنے ردعمل میں مریم نواز بولیں نیب کی طرف سے ایک کے بعد ایک ضمنی ریفرنسز کا دائر کیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ نہ کچھ ملا، نہ کچھ نکلا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اقامہ کا فیصلہ تاریخِ عدل کا سیاہ ترین فیصلہ ہے جسے عوام مسترد کر چکی اور اب اس سنگین غلطی کو دہرانا اس سے زیادہ سنگین غلطی ہو گی جس کے نتائج بھی ہوں گے۔
واضح رہے کہ نیب نے نواز شریف کے خلاف عزیزیہ اور فلیگ شپ کیسز کے ضمنی ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کر دیئے ہیں۔ چیئرمین نیب نے ضمنی ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی تھی۔