استنبول (جیوڈیسک) انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادکے بارے میں عالمی کانفرنس استنبول میں شروع ہو گئی ہے۔
بان کی مون نے کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت دینا بھر میں ریکارڈ تعداد میں لوگوں کو امداد کی ضرورت ہے اور دنیا کو درپیش مہاجرین کا بحران دوسری عالمی جنگ کے بعد کی تاریخ کا بد ترین بحران بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل اس طرح شہریوں کو حملوں کا نشانہ کبھی نہیں بنایا گیا ، متاثرین انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے عالمی رہنماؤں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ اجلاس میں دنیا بھر سے 60 سربراہان ریاست و مملکت کے علاوہ سیاستدان، امدادی تنظیموں کے کارکنان، رضاکار اور محققین شریک ہیں۔
انسانی بنیادوں پر امداد اور ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے جیسے موضوعات پر بات چیت جاری ہے۔اقوام متحدہ کے نائب سربراہ جان ایلیسن نے کہا ہے کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کو بری طرح نظرانداز کیا جارہا ہے۔