مہاجرین کے لئے ترکی کی خدمات قابل تعریف ہیں: اینگیلا مرکل

Angela Merkel

Angela Merkel

ہیمبرگ (جیوڈیسک) جرمن چانسلر اینگیلا مرکل نے کہا ہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے جی۔20 سربراہی اجلاس میں اہم کردار ادا کیا ہے اور مہاجرین کے لئے ترکی کی خدمات قابل تعریف ہیں۔

جی۔20 سربراہی اجلاس کے بعد ٹرم چئیر مین کی حیثیت سے مرکل نے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے اجلاس میں زیر بحث آنے والے موضوعات کاجائزہ لیا اور صدر ایردوان کے ساتھ دو طرفہ ملاقات سے متعلق سوالات کے جواب دئیے ۔

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان کے سربراہی اجلاس میں اہم کردار ادا کرنے کا ذکر کرتے ہوئے مرکل نے مہاجرین کے معاملے میں ترکی کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ دو طرفہ مذاکرات دونوں ممالک کے درمیان بعض اختلافات کو بھی سامنے لائے ہیں۔

عراق کے شمال میں کرد علاقائی انتظامیہ میں ماہِ ستمبر میں متوقع انتخابات سے متعلق سوال کے جواب میں مرکل نے کہا کہ میں، کرد علاقے کے عراق کا ایک حصہ ہونے کے حق میں ہوں، اسے کرد بھی اچھی طرح جانتے ہیں اور یہ ہماری فراہم کردہ مدد کی بھی شرط ہے۔

ہیمبرگ میں کہ جہاں سربراہی اجلاس کا انعقاد ہوا، پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے اینگیلا مرکل نے کہا کہ مظاہرین نے پولیس کے خلاف جس تشدد کا مظاہرہ کیا ہے ہم اس کے شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس کا انعقاد پولیس کی اختیار کردہ حفاظتی تدابیر کے ساتھ ممکن ہو سکا ہے اور ان مخلصانہ کوششوں کی وجہ سے ہم پولیس کے مشکور ہیں۔