نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت کے وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے پاکستان کو ایک اہم پڑوسی ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں حالات پرامن رکھنے کا انحصار پاکستان پر ہے جبکہ بھارت خوشحال پاکستان کے حق میں ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اپنے ایک بیان میں بی جے پی کے سینئر لیڈر اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کو ہوا دی ہے جس کے اثرات ہمارے ملک پر پڑے جبکہ وہ لگاتار سرحدوں پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے حالانکہ بھارت پاکستان کو ایک خوشحال اور پرامن ملک دیکھنے کے حق میں ہے۔
انھوں نے کہا کہ حالات پرامن رکھنے کا انحصار پاکستان پر ہے۔ پاکستان کو دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کیلیے سنجیدہ ہوکرکوشش کرنی چاہئیں کیونکہ دہشت گردی سے خطے کے امن کو شدید خطرہ لاحق ہے۔