اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے خطے میں امن خراب کرنے والے کسی بھی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے نجی ٹی چینل کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ایرانی جنرل کشیدگی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی جنرل پر حملے کے بعد خطے کے حالات میں تبدیلی آئی اور اس معاملے پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بات چیت کی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ مائیک پومپیو نے کہا کہ حالات بہتری ہونے کے باوجود حظہ ابتری کی جانب جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے بہت قربانیوں کے بعد امن حاصل کیا ہے، ہم نے افغان سرحد کو محفوظ بنایا اور اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کا صفایا کیا۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان نے ہر وہ کام کیا جس سے خطے میں امن قائم ہو، افغان مصالحتی عمل کو خراب کرنے کی کوشش سے اجتناب کرنا چاہیے۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا خطہ 4 دہائیوں سے امن کے لیے کوششیں کرتا رہا ہے، وزیراعظم اور آرمی چیف کا واضح مؤقف ہے کہ خطے کے امن کو خراب کرنے والے کسی بھی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔
بھارتی آرمی چیف کی پاکستان کو دھمکیوں پر ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف نئے ہیں اور اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ آرمی چیف کے عہدے پر نئے ہیں لیکن بھارتی فوج میں پرانے ہیں اور اچھی طرح جانتے ہیں کہ پاکستانی فوج اپنی سرحدوں کا دفاع کرنا بخوبی جانتی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کو چاہیے کہ دھمکیاں دینے کے بجائے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اور بھارت میں ہندوتوا کے پرچار کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ورنہ جس راستے پر بھارت چل رہا ہے وہ خود انہیں تباہی کی طرف لے جائے گا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود ہم نے ذمہ دار ریاست اور قابل افواج ہونے کا ثبوت دیا۔
سوشل میڈیا پر چلنے والے پاکستان مخالف بیانات پر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ دفتر خارجہ بھی اس حوالے سے واضح مؤقف دے چکا ہے، ملک دشمن افواہوں پر ہرگز توجہ نہ دیں، میڈیا اور عوام سے درخواست ہے کہ مصدقہ ذرائع کی بات پر یقین کریں۔