اسلام آباد (جیوڈیسک) سارک کے رکن ممالک کے وزرائے داخلہ کا ایک روزہ اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے جس میں وزیراعظم نوازشریف بھی شریک ہیں ۔اجلاس میں سارک کے رکن ممالک کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیاجا رہاہے ۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان استقبالیہ خطاب کررہے ہیں ۔
ا سلام آباد میں ساتویں سارک وزرائے داخلہ اجلاس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے پڑوسی ممالک بھی پر امن اور خوشحال ہوں ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے اپنی تقریر میں کہا پاکستان خطے میں کئی دہائیوں سے امن کا خواہاں ہے ، پرامن ہمسائیگی کے بغیر امن ممکن نہیں ۔
وزیر اعظم کی تقریر سے پہلے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اپنی افتتاحی تقریر میں کہا سارک ممالک کو خطے کو درپیش مسائل کے حل میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔ ان کا کہنا تھا پرامن ایشیا کے لیے سازگار ماحول بنانا ہو گا اور اس مقاصد کے حصول کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی ۔ چودھری نثار نے کہا شرکاء سارک سربراہ اجلاس کے لیے ٹھوس سفارشات پیش کریں گے ۔