بھارتی جارحیت پر حکمرانوں کا کمزور احتجاج بھارتی اشتعال انگیزی کو ہوا دے رہا ہے: طاہر حسین

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید نے ایل او سی پر بھارتی جارحیت اور اس اشتعال انگیزی پر پاکستانی حکمرانوں کے کمزور احتجاج کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کی خوشحالی کیلئے بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات پاکستان کی اولین ترجیح و خواہش ضرور ہیں مگر افواج پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب اور سرکشوں کو لگام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

اسلئے حکمرانوں کو بھارت سے برابری کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنے چاہئیں کیونکہ پاکستان بھارت کا باجگزاریا کسی عالمی طاقت کی کالونی نہیں بلکہ ایک آزاد و خود مختار مملکت اور مضبوط ایٹمی قوت ہے مگر مفاد وتجارت کے تحفظ کیلئے حکمرانوں کا کردار و عمل بھارت کی جارحانہ سرشت کو مہمیز دینے کا باعث بن رہا ہے اور بھارت کی اشتعال انگیزی خطے میں جارحیت و بد امنی کی نئی فضا پیدا کررہی ہے جو کسی بھی طور پاکستان و ہندوستان دونوں ممالک کے عوام اور خطے کے مستقبل کیلئے سودمند نہیں ہے جبکہ بھارت کی جانب سے ورکنگ باونڈری اور لائن آف کنٹرول پر گزشتہ کئی روز سے جاری بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری کے نتیجے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت اور جانی ومالی نقصان کے باوجود حکومت کی جانب سے بھارتی جارحیت پر کمزور وملتجیانہ احتجاج حکمرانوں کے افواج پاکستان و عسکری وحربی صلاحیت پر عدم اعتماد کا ثبوت ہے۔

طاہر حسین نے مزید کہا کہ پاکستان میں در اندازی ‘ اس کیخلاف طاقت کا استعمال ‘ اشتعال انگیزی اور پاکستان کیخلاف سازشیں کرنے والے بھارت کو 965ءکی ہزیمت‘1971ء کا افواج پاکستان کا کردار اور کارگل وسیاچن میں اپنا حال یاد رکھنا چاہئے کیونکہ پاکستان سے دوستانہ تعلقات ہی بھارت کے حق میں بہتر ہیں۔