ریجن کے مختلف ریلوے سٹیشنوں پر کھڑی لاوارث بوگیاں سکریپ بن گئیں

Railway

Railway

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ سمیت ریجن بھر کے دیگر ریلوے سٹیشنوں پر کھڑی اربوں روپے مالیت کی 260 سے زائد لا وارث بوگیاں محکمانہ لاپرواہی سے سکریپ میں تبدیل ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ سٹی ریلوے سٹیشن پر 51 بوگیوں سمیت وزیر آباد ریلوے سٹیشن پر 60 بوگیاں، سیالکوٹ، گجرات، علی پورچٹھہ، حافظ آباد، سکھیکی منڈی ودیگر ریلوے سٹیشنوں پر گزشتہ 29 ماہ سے سیکڑوں بوگیاں لا وارث کھڑی ہیں ان میں سے پنکھے ، سیٹیں، برتھ ودیگر قیمتی سامان چور ی کر لیا گیا ہے۔

جس سے یہ بوگیاں سکریپ بن گئی ہیں۔ ان لاوارث بوگیوں کے مستقبل کے بارے میں محکمہ ریلوے بھی لا علم دکھائی دیتا ہے۔ ایک بوگی میں 88 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے اگر ان بوگیوں کو مرمت کرکے چلا دیا جائے تو ان میں 23 ہزار لوگ سفر کر سکتے ہیں ۔ ریلوے ذرائع کا کہنا ہے۔

کہ معمولی رقم سے درست ہو جانے والی ان بوگیوں سے قیمتی سامان چوری ہو جانے کی وجہ سے ان کا ٹھیک ہونا ممکن ہی نہیں ہے۔ دنیا کے رابطہ کرنے پر ریلوے حکام نے بتایا کہ لاہور ورکشاپ میں جگہ نہ ہونے کے باعث ان کو مختلف سٹیشنوں پر کھڑا کیا گیا تھا لیکن ابھی تک ان کو مرمت کیلئے لے جانے کا حکم نہیں ملاہے۔