تہران (جیوڈیسک) ایرانی صدر نے ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں دہشتگردوں کی حالیہ کاروائی کو دشمنوں کی بے بسی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں دہشتگردی کی اصل جڑ امریکہ اور ناجائز صہیونی ریاست ہیں۔
یہ بات صدر حسن روحانی نے آج تہران میں دورہ روس پر روانہ ہونے سے پہلے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی.
روحانی ، اپنے روسی اور ترک ہم منصبوں کے ساتھ مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لئے روسی علاقے سوچی کا دورہ کریں گے.
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاسداران انقلاب کے جاں نثاروں پر دہشتگردوں کے سفاکانہ حملے کو دشمنوں کی بے بسی کی انتہا قرار دیا اور کہا کہ بدقسمتی سے تیل ذخائر سے مالامال بعض ممالک بھی خطے میں امریکہ اور ناجائز صہیونی ریاست کی دہشتگردی کی حمایت کررہے ہیں.
انہوں نے مزید کہا کہ دشمنوں کی جانب سے ایرانی قوم کے خلاف ایسی شیطانی سازشیں نہ صرف ناکام ہوں گی بلکہ ہمارا عزم مزید مضبوط ہوتا جائے گا.
ڈاکٹر روحانی نے بعض ہمسایہ ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کریں اور دہشتگردوں کو ان کی سرزمین دوسرے ہمسایوں کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہ دیں. انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا اور دہشتگردوں کو لگام نہیں دی گئی تو عالمی قوانین کے تحت ہمیں یہ حق حاصل ہے کہ اپنی حفاظت کے لئے قدم بڑھائیں.
ایرانی صدر نے اپنے دورہ روس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ روسی اور ترک صدور کے ساتھ چوتھی نشست میں شرکت کے لئے سوچی جاررہے ہیں جہاں وہ آستانہ عمل کے تحت شام میں قیام امن اور مذاکرات سے متعلق بات چیت کریں گے.