علاقائی تہذیب و ثقافت، کو اجاگر کرنے کے لئے لائلپور میوزیم کا قیام عمل میں لایا گیا، نور الامین مینگل

فیصل آباد :ڈی سی او نور الامین مینگل نے کہا ہے کہ لائلپور ہیرٹیج فائونڈیشن کے زیر اہتمام فیصل آباد میں قومی ورثہ کے تحفظ اور اسے دوبارہ نئی زندگی دینے کا عمل جاری ہے جس کے تحت متعدد اقدامات کر کے تاریخی وثقافتی عمارتوں کا حقیقی حسن بحال کیا جارہا ہے جبکہ علاقائی تہذیب و ثقافت اور طرز زندگی کو اجاگر کرنے کے لئے لائلپور میوزیم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔انہوں نے یہ بات اپنے دورہ فن لینڈ کے دوران دارالحکومت ہلسنکی Helsinki) ) کے میئر جوسی پاکی اونن (jussi Pajunen )’ ڈیپارٹمنٹ آف میوزیالوجی یونیورسٹی آف ہلسنکی کی چیئرپرسن ‘فن لینڈ کے شہر تامپرے کے میئر توساما تومیلو اور فن لینڈ پارلیمنٹ کے ڈپٹی سپیکر ”پے کار اوئی ”سے ملاقاتوں کے دوران کہی ۔انہوں نے بتایا کہ ثقافتی ورثہ کسی بھی قوم اور خطے کو زندہ جاوید رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں ثقافتی ورثہ کی دریافت اور تحفظ کے لئے انتظامی و تحقیقی کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ انکے دورے کا مقصد فن لینڈ کے چیدہ چیدہ میوزیم کاجائزہ اور مقامی لوگوں کو پاکستان میں موہنجو داڑو ‘ ہڑپہ اور دیگر تاریخی مقامات کی تاریخ کے مختلف پہلوئوں سے آگاہ کرنا ہے تاکہ فن لینڈ میوزیالوجی کے شعبہ کے افسران اور تاریخ کے طالب علم پاکستان کے تاریخی و ثقافتی ورثہ کے بارے میں آگاہ ہو سکیں ۔ڈی سی او فیصل آباد نے اپنے قیام کے دوران حکومت فن لینڈ سے ایک ایم او یو بھی سائن کیا ہے جس کے تحت پاکستانی اور فن لینڈ کے طلباء کے دونوں ممالک میں میوزیالوجی کی تعلیم حاصل کر سکیں گے ۔ ڈی سی او نے فن لینڈ میں پاکستان میوزیم ایسوسی ایشن انٹرنیشنل کے نائب صدر ارشد فاروق اور وزارت ثقافت کے افسران سے بھی ملاقاتیں کیں ۔ یاد رہے کہ ڈی سی او فیصل آباد نور الامین مینگل فن لینڈ میوزیم ایسوسی ایشن کی دعوت پر پانچ روزہ دورہ پر فن لینڈ گئے ہوئے ہیں۔