اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے ذریعے تمام علاقائی ممالک کو تجارتی اور معاشی راہداریوں کے ذریعے جوڑا جائے گا، پاکستان میں جمہوری اقدار تیزی سے زور پکڑ رہی ہیں اور معاشرے میں بنیادی انسانی حقوق کے حصول کا احساس پختہ ہو گیا ہے۔
امریکی تھنک ٹینک ’ایسٹ ویسٹ سینٹر‘ کے توسط سے پاکستان آنے والے مختلف ممالک کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف کا ویژن معاشی روابط کے ذریعے خطے کی مشترکہ خوشحالی کا حصول ہے جو امن کے دیرپا قیام کے لیے ضروری ہے۔
پاکستان امن وامان اور معیشت کے حوالے سے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے، 2014سے ملک میں انتہا پسندی کے خلاف حتمی امن مشن کا آغاز ہو چکا ہے جس سے ملک کے طول وعرض میں امن تیزی سے بحال ہو رہا ہے، ملک کے بیشتر اقتصادی اشاریے بہتری کی طرف گامزن ہیں جو حکومت کی کامیاب معاشی حکمت عملی کی نشاندہی کرتے ہیں
۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی راہدایاں خطے کی تقدیر بدل دیں گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے جغرافیائی مقام کو معاشی قوت میں تبدیل کریں گے۔