کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ریتا پلاٹ شاہ فیصل کالونی کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے عوام کو درپیش مسائل پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کی صورتحال کے حوالے سے عوام کو درپیش مسائل سے چھٹکار دلا نے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کے ہمراہ ریتا پلاٹ شاہ فیصل کالونی نمبر1یونین کونسل نمبر4کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی خصوصاً سیوریج کے ابتر صورتحال کی وجہ سے عوامی شکایات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سپرٹینڈنگ انجینئر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ شاہ فیصل محمد زاہد ،XENواٹر اینڈ سیوریج شاہ رخ اور شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے فوکل پرسن اسلم پرویز بھی موجود تھے۔
نشاط ضیاء قادری نے عوامی سہولتوں کے فراہمی پر مامور ادارے خصوصاً واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیاتی اداروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مسائل پر خاموش نہیں بیٹھے گے علاقائی ترقی اور گلیوں اور محلوں کی سطح پر مسائل کے انبار اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے اگر علاقائی مسائل سے عوام کو چھٹکارہ نہ دلایا گیا تو عوام کے ساتھ احتجاج پر مجبور ہونگے اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ سب اچھا ہے کہ رپورٹ پر اکتفا کرنے کے بجائے عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لیکر علاقائی ترقی اور عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے عملی اقدامات کریں،عوام پانی بجلی ،صفائی وستھرائی سمیت بنیادی سہولیات کے حوالے سے سے در پیش مسائل سے شدید اذیت کا شکار ہیں عوامی مسائل کے حل کے لئے حکومتی سطح پر موثر اقدامات کر کے ہی عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلایا جا سکتا ہے۔