کراچی: رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ علاقائی سطح پر بلدیاتی مسائل اور فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لئے بلدیاتی ادارے اپنی تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو مسائل سے نجات دلا ئیں 12ربیع الاول سے قبل عید میلاد النبی ۖ کے حوالے سے برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس پر بلدیاتی سہولیات منتظمین کے باہمی مشاورت کے ساتھ انجام دیا جائے ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول اور میونسپل کمشنر طلعت محمود کے ہمراہ شاہ فیصل زون کی جانب سے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات اور جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ عبادت گاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری کے لئے اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنا یا جائے۔
اس موقع پر انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ذمہ دران کو ہدایت کی کہ وہ باہمی تعاون و مشاورت کے ساتھ علاقائی سطح پر فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے عوامی شکایات کے ازالے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں تاکہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور علاقائی سطح پر عوام کو در پیش سیوریج سسٹم کی ابتر کے حوالے سے حائل دشواریوں سے چھٹکار ہ دلا یا جاسکے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہاکہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے گا۔
انہوں نے بتا یا کہ شاہ فیصل زون سمیت ضلع کورنگی کے تمام زونز میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کا آغاز کردیا گیا عبادت گاہوں، عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر منعقد ہونے والے محافل نعت و میلاد کی اجتماع گاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ انجام دیئے جارہے ہیں انہوں نے کہاکہ انشاا للہ عوامی نمائندوں کے تعاون کے ساتھ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر ضلع کورنگی میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مثالی انتظامات انجام دے کر عوام کو مسائل سے پاک ماحول فراہم کیا جائے گا۔