ریجنل پولیس آفیسر، سی پی او کی ہدایات پر پولیس تھانہ صدر جرائم پیشہ افراد کیخلاف بھرپور ایکشن میں

 SHO SADAR MUDASSAR IQBAL

SHO SADAR MUDASSAR IQBAL

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر، سی پی او کی ہدایات پر پولیس تھانہ صدر جرائم پیشہ افراد کیخلاف بھرپور ایکشن میں۔ ڈیڑھ ماہ کے قلیل عرصہ میں درجنوں اشتہاری، عدالتی مفرور پکڑ لئے ناجائز اسلحہ و منشیات فروشی کے 26 سے زائد مقدمات درج کر کے ملزمان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں چرس ،شراب برآمد کرلیں۔ تھانہ صدر میں ایس ایچ او مدثر اقبال کی تعیناتی کے بعد سے حالات میں روز بروز بہتری آرہی ہے۔ نئے تعینات ہونے والے ایس ایچ او نے مختصر عرصہ میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف بڑی کاروائیاں کر کے انہیں بے بس کردیا ہے۔ ماہ دسمبر کے عرصہ میں ناجائز اسلحہ اور منشیات کے18 سے زائد مقدمات درج کرکے جرائم میں ملوث افراد کو گرفتار کیا۔

منشیات فروشوں کے قبضہ سے5505 گرام چرس، 113 بوتل شراب کے علاوہ ناجائز اسلحہ برآمد کیا جبکہ اسی ماہ کے دوران مختلف مقدمات میں مطلوب 13 اشتہاریوں اور 9 عدالتی مفروروں کو گرفتار کیا جبکہ رواں ماہ جنوری میںناجائز اسلحہ کے4 اور منشیات کے8 مقدمات درج کر کے ملزمان کے قبضہ سے ناجائز اسلحہ کے علاوہ 2504 گرام چرس ،25 لیٹر شراب برآمد کی ہے اس دوران سات اشتہاریوں اور 3 عدالتی مفروروں کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں ۔ ایس ایچ او تھانہ صدر نے چیئرمین پریس کلب دھونکل محمود احمد خان لودھی، صدر صحافت بچائو تحریک کی قیادت میں ملنے والے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ علاقہ میں امن وامان کے صورتحال برقرار رکھنے کیلئے پولیس ٹیموں کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں جو24 گھنٹے گشت کرتی ہیں۔

اس موقعہ پرسنیئر صحافی افتخار احمد بٹ، محمد یونس بھٹواور دیگر بھی موجود تھے۔ایس ایچ او نے کہا کہ علاقہ کو مزیدپرامن اورمحفوظ بنانے کیلئے وہ دن رات کوشاں ہیں اس مقصد کیلئے عوامی تعاون کی ضرورت انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے شہری اپنے اردگرد نظر رکھیں اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث شہریوں کی بروقت نشاندہی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ شریف شہریوں کو تھانہ اور عملہ سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں پولیس کا ہے فرض مدد آپ کی ماٹو پر ہر طرح سے عمل کیا جاتا ہے۔