اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا کا خطہ وسائل کی دولت سے مالا مال ہے، خوشحالی کیلئے ای سی او ممالک کو باہمی روابط کو فروغ دینا ہوگا۔
اسلام آباد میں ای سی او اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی معیشت میں بہتری آ رہی ہے اور معاشی اعشاریئے بھی بہتر ہو رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی معیشت میں بہتری کا ثبوت یہ ہے کہ اس کو دنیا کے دیگر ممالک نے بھی تسلیم کیا ہے، جن کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی ہے اور معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم خطے کی ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، اس مقصد کیلئے خطے میں سڑکیں، تیل اور گیس کے ذخائر کی موجودگی تمام رکن ممالک کو قریب لا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے کی ترقی میں سی پیک نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے اور اس کی وجہ سے دوست ممالک کے تعلقات کو فروغ ملا ہے۔