ڈیرہ غازیخان (ریاض جاذب سے) رجسٹری برانچ ڈیرہ غازیخان میں کرپشن دھڑلے سے جاری ہے۔ copying کلرک سے لے کر تحصیلدار سب رجسٹرارتک کرپشن میں ملوث ہیں۔ افسران نے سرکاری اہلکاران کے ساتھ پرائیویٹ بندے(ایجنٹ)بھی مک مکا کے لیے رکھے ہوئے ہیں۔ کمشنر ڈیرہ غازیخان نے سینئرممبربورڈ آف ریونیوکواعلیٰ سطحی انکوائری اور کیس انٹی کرپشن میں بھیجنے کے لیے خط لکھ دیا۔ شہری محمد سلیم قریشی نے رجسٹری برانچ میں کرپشن کی نشاندہی کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازیخان کو ایک درخواست گزشتہ ماہ دی تھی کہ رجسٹری نمبر1 /1656 اور1 /1657۔1 /1658کی منظوری کے لیے تحصیلدارسب رجسٹرار مسٹرغلام مصظفیٰ کریم کھراوراسسٹنٹ ہیڈ رجسٹری کلرک مسٹرسجاد حسین اور جسٹر ی محرر شرجیل ،کاپیئنگ کلرک مسٹر نوید رضا اسی طرح ریڈ کریسنٹ کلرک خادم حسین نے رشوت وصول کی ہے جس پر کمشنر نے اس درخواست پر خود انکوائری کی ہے۔
مذکورہ برانچ میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی وجہ سے انہوں نے مزید کاروائی کے لیے مورخہ 19 مئی کو سینئرممبربورڈ آف ریونیو کو بھی ایک خط نمبری 5344 لکھا ہے جس میں انہوں نے رجسٹری برانچ میں بے قاعدگیوں اور کرپشن کے خلاف سینئر ممبربورڈ آف ریونیو سے درخواست کی ہے کہ وہ اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائیںاور کیس انٹی کرپشن میں بھی بھیجیں۔ کمشنر ڈیرہ غازیخان محمد یثرب ہنجرا کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید ہے کہ ان کے آفس سے پہلے بھی ایڈیشنل چیف سکریٹری پنجاب کو مورخہ 2016/ 3 /16 ایک لیٹر نمبری 2568 کے ذریعے اس بات کی نشاندہی کی تھی کہ تحصیلدار اس عہدہ (سب رجسٹرار) کا اہل نہیں ہے۔ایک اور لیٹر مورخہ 2016/4/ 16نمبری 4353 کوبھی لکھا گیا مجموعی طور پر رواں سال کمشنر ڈیرہ غازیخان کی جانب سے اعلیٰ حکومتی ذمہ داران افسران کو تین سے زائد خطوط اس حوالے سے لکھے جاچکے ہیں اب تازہ خط میں انہوں نے سینئرممبربورڈ آف ریونیو سے از خود تحقیقات کرانے اور کیس انٹی کرپشن میں ریفر کرنے کی درخواست کی ہے۔
دریں اثناء درخواست گزار نے اپنی درخواست میں اس امر کی نشاندہی کی تھی ہے کہ رجسٹری برانچ میں ہر رجسٹری پر کم از کم بیس سے پچیس ہزار روپے کی رشوت کی مد میں کرپشن ہوتی ہے۔ یہ سلسلہ ایک عرصہ سے جاری ہے۔ گورننس کی بہتربنانے اور کرپشن کے خلاف کام کرنے والے ڈسٹرکٹ گورننس گروپ کے ممبران میں شامل شیخ توقیرقریشی، مظہر خان،آصف نقوی،محمد یونس، محمدحسین، حاجی محمد حسین،محمد طاہر،محمد شاہد اقبال بودلہ،گوہر حسنین شاہ،حفیظ اللہ انصاری، ریاض شاہ،فتح اللہ قربان،ودیگر نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف اور چیف سکریٹری سمیت ایڈیشنل چیف سکریٹری پنجاب،سے رجسٹری برانچ میں جاری کرپشن کے سدباب کے لیے فوری اقدامات کے اٹھائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔