کراچی : چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے لیاقت آباد زون سے تعلق رکھنے والے منتخب یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین اور اراکین کمیٹی سے اپنے دفتر میں خصوصی ملاقات کی۔ملاقات میں یوسی چیئرمین نے اپنے اپنے علاقے کے مسائل سے چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر ریحان ہاشمی نے منتخب نمائندوں کو ہدایت کی کہ عوام میں صفائی کا شعور جگانے کے لئے خصوصی مہم چلائی جائے انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے اپنی اپنی یونین کمیٹی میں معززین علاقہ کے علاوہ شہریوں سے ملاقات کریں انکی تکالیف اور مسائل سے آگاہی حاصل کریں اور انھیںحل کرنے کے لئے ممکنہ اقدامات کریں۔
اس کے علاوہ عوام میں اپنے علاقے کو صاف ستھرا رکھنے کا شعور بیدار کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں انہوں نے مزید کہا کہ شہروں کی صفائی اور خوبصورتی عوام اور بلدیاتی نمائندوں کے باہمی اشتراک اور تعاون سے ہی ممکن ہے اس سلسلے میں اپنے اپنے علاقے کے متحرک اور پر عزم نوجوانوں کو حوصلہ افزائی کرکے انھیں معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے پر آمادہ کیا جائے۔
بعد ازاں موسی کالونی یونین کمیٹی نمبر 35 کے چیئرمین سید نوشاب اشرف،نے دیگر یونین کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ یوسی 35 اور یوسی 28 کی درمیان بنی سڑک پر قائم گرین بیلٹ کی صفائی کے کام کا معائنہ کیا اور عملہ کی کارکردگی پر ہمت افزائی کی۔
اس موقع پر یوسی نمبر 40 کے وائس چیئرمین خالد بھائی، یوسی 37کے وائس چیئرمین ارشد بھائی یوسی نمبر 35 کے زین الحق، یوسی 28 کے چیئرمین حسن بھائی، ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد علی، غوث محی الدین و دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ بلدیہ وسطی میں چیئرمین ریحان ہاشمی کی ہدایت پر یونین کمیٹی کی سطح پر صفائی مہم کا آغاز ہوچکا ہے اس سلسلے میں ہر یوسی میں خصوصی صفائی مہم جاری ہے جس میں افسران و کارکنان کے علاوہ عوام سے بھی تعاون حاصل کیا جارہا ہے تاکہ بلدیہ وسطی میں صفائی کا شعور عوام الناس میں اجاگر کیا جا سکے۔